ویب ڈیسک: چیمپئنز ٹرافی کے مقام کے تعین سے متعلق پاکستان اپنے موقف پر ڈٹ گیا،آج ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں فیصلہ نہ ہوسکا جس پر اجلاس کل تک ملتوی کردیاگیا ۔
ذرائع کے مطابق آج کے اجلاس میں فریقین کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں اور کل تفصیلی اجلاس میں تجاویز پر بات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ہائبرڈ ماڈل کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر قائم رہا، پاکستان نے آئی سی سی اجلاس میں اپنے موقف سے متعلق بریفنگ دی اور اس پر کوئی لچک نہیں دکھائی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق قابل قبول فارمولا کل تک سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔
خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں ہونے یا نہ ہونے سے متعلق آج آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں فیصلہ ہونا تھا۔
پاکستان نے بورڈ میٹنگ سے پہلے ٹرافی کا قابل قبول فارمولا مانگا تھا اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کے واضح موقف سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا تھا۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ ہم زخم سہہ لیں گے لیکن ہم اپنی عزت پر بات نہیں آنے دیں گے، پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کے سارے انتظامات مکمل کرچکا ہے۔
بھارت کے پاکستان آنے سے انکار نے معاملہ الجھا رکھا ہے اور پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ کے تحت نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ قابل قبول نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت مکمل چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے باہر لے جانے کیلیے لابنگ کررہا ہے لیکن پی سی بی نے بھی بھارتی حربے بلاک کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کوئی بھی آپشن اپنی شرائط کے بغیر تسلیم نہیں کرے گا۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کو دو پلانز دیئے جائیں گے ،پلان اے کے مطابق بھارت کے تمام میچز یواے ای میں ہوں گے اور پلان بی کے تحت سیمی فائنل اور فائنل کیلئے دو وینیو رکھے جائیں گے۔
علاوہ ازیں بھارت گروپ مرحلے سے آگے نہ گیا تو ناک آؤٹ میچز پاکستان میں ہوں گے، ہائبرڈ ماڈل نہ ماننے کی صورت میں ووٹنگ ہوگی،آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئنزٹرافی کے حوالے سے بحث ہوگی۔
Load/Hide Comments