اے پی سی بلانے کا فیصلہ

گورنرخیبر پختونخوا کاامن وامان کی صورتحال پراے پی سی بلانےکافیصلہ

ویب ڈیسک: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر اے پی سی بلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو آگ میں دھکیلا جارہا ہے۔
چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا میں آگ بجھانے کے بجائے اسلام آباد میں آگ لگا رہے ہیں ۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کردیا ہے ، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں دلچسپی لے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اس وقت خیبر پختونخوا میں 2حکومتیں چل رہی ہیں کیوں کہ صوبے میں ڈی فکیٹو وزیراعلیٰ آگئی ہیں، اصل حکومت وہ چلا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ اسلام آباد پر چڑھائی کرتی ہے، لائٹیں بجھاکر لیڈر بھاگ گئے، ایسا آج تک نہیں سنا، بتایا جائے احتجاج میں پنجاب سے کتنے لوگ آئے ۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر اے پی سی بلانے کا فیصلہ کیا ہے وفاقی حکومت بھی اس صوبے میں دلچسپی لے ۔
اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اورکزئی اور پاڑہ چنار واقعات پر پوری پختون قوم غمزدہ ہے ،امن کے لئے جو بھی قدم اٹھائے گا ہم ان کے ساتھ ہیں۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے ممبران نے پی ٹی آئی پر پابندی کی حمایت کی ہے،صوبائی حکومت کرسی کی پجاری ہے لیکن صوبائی مسائل کا حل گورنر راج میں نہیں۔

مزید پڑھیں:  صیہونیوں کا حزب اللہ رہنما سلمان جمعہ کو شہید کرنے کا دعویٰ