خیبرپختونخوا سے آئے جتھے

پی ٹی آئی فتنہ اور تخریب کار جتھہ ہے،کارروائی کی جائے:وزیر اعظم

ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک فتنہ اور تخریب کار جتھہ ہے، ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن و عامہ کے حوالے سے اجلاس اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، افواج پاکستان کے دیگر سربراہان، وفاقی وزرا و دیگر موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سے آئے جتھے نے اسلام آباد میں تباہی پھیلائی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر شرپسندوں کے حملوں میں سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، وفاق کے خلاف یہ چوتھی لشکر کشی تھی، ایسے ناپاک عزائم کا 2014سے پہلے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کے سامنے جو تماشا لگایا گیا، اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیاجاسکتا، پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیچھے باقاعدہ منصوبہ بندی کی جاتی ہے، یہ سب الگ تھلگ نہیں ہو رہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں سے ملک کو یومیہ 900 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے، 2014 میں 126 دن معیشت کی تباہی کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمنان پاکستان اگر اس صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں تو کیا ہم انہیں ایسا کرنے دیں، ہمیں ہر چیز وہ کرنی چاہیے جس سے ہم دشمنان پاکستان کے ہاتھ نہ صرف روکیں بلکہ ان کو توڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ دودھ، شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں، لیکن بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں، مہنگائی کم ہو رہی ہے، اسٹاک مارکیٹ ایک لاکھ کی سطح سے اوپر گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے مواقع بار بار نہیں ملتے، اللہ نے ہمیں موقع دیا ہے، اس پر ہمیں پوری سنجیدہ سوچ اور عمل کے ساتھ آگے بڑھنا ہے کہ کس طرح ہم نے خیبر پختونخوا حکومت کی جو دن رات کی سازشیں ہیں، انہیں کوئی پروا نہیں کہ حالات بہتر ہو رہے ہیں، ان کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ہر چیز کو تہہ و بالا کردو، ہر چیز کو برباد کردو۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہاں وفاقی حکومت کے سینئرز بیٹھے ہیں، آرمی چیف بیٹھے ہیں، ان کی پوری ٹیم بیٹھی ہے، سب نے مل کر بڑی کاوش کی، میں آپ سب کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہوں، اللہ نے ہمیں موقع دیاہے ، اس کے لیے ہم نے آگے بڑھنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ ایک سیاسی جماعت نہیں ہے، یہ ایک فتنہ ہے اور تخریب کاری کا ایک جھتہ اور گروہ ہے، اس کے لیے اب ہمیں آگے بڑھنا ہے، جتنے بھی تخریب کار ہیں، ان سب کے خلاف ایف آئی آرز کاٹی جائیں، ان کے خلاف ٹھوس بنیادوں پر قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شومئی قسمت ہے کہ ہمیں آج یہ دن دیکھنا پڑ رہا ہے، یہ وطن کے ساتھ دشمنی ہے، یہ ہماری قومی ذمے داری ہے، اگر آج ان کا چہرہ نہیں دیکھائیں گے تو تاریخ ہمیں برے الفاظ میں یاد کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف سوال اٹھایا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے ان 8 ماہ میں اپنے صوبے کے عوام کے لیے کیا کام کیا، عوامی منصوبوں پر کتنی توجہ دی اور انہوں نے اس دوران اسلام آباد پر چڑھائی کی ۔
انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان کو ہم نے اس جھتے کے حوالے کرنا ہے، اس تخریب کاری کی پارٹی کے حوالے کرنا ہے یا پھر ہم نے پاکستان کو بنانا اور سنوارنا ہے۔

مزید پڑھیں:  صیہونیوں کےہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی، مزید 37 شہری شہید