مطیع اللہ جان کی ضمانت

صحافی مطیع اللہ جان کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا

ویب ڈیسک: معروف صحافی مطیع اللہ جان کو انسداد دہشت گردی عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔
اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے روبکار پہنچنے کے بعد مطیع اللہ جان کو جیل سے رہا کردیا۔
قبل ازیں راولپنڈی کی انسداد دہشت گردیعدالت کے جج طاہ عباس سپرا نے ضمانت منظور کی تھی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے 10 روپے کے مچلکوں کے عوض مطیع اللہ جان کی ضمانت منظور کی تھی۔
دو روز قبل اسلام آباد سے گرفتار ہونے والے صحافی مطیع اللہ جان کو انسداد دہشتگردی عدالت میں جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا گیا۔
دوران سماعت جج طاہرعباس سِپرا نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم نامے کی کاپی دے دیں، روبکارکہاں ہے؟ تفتیشی افسر اس حکم نامے کو ریکارڈ کے ساتھ لگادیں، مطیع اللہ جان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رہا ہوں۔
وکیل صفائی نے کہا کہ ہم نے ضمانت کی درخواست دائر کی ہے اور آج ہی سماعت کر دیں، جس پر فاضل جج نے کہا آپ کی درخواست ضمانت 7 صفحات پر مشتمل ہے نوٹس کررہا ہوں۔
پراسیکیوٹر راجا نوید نے کہا میری درخواست ہے کہ مطیع اللہ جان کی ضمانت خارج کی جائے تاہم عدالت نے مطیع اللہ جان کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کا عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کے ریمانڈ کو جوڈیشل ریمانڈ قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور روس خام تیل کی تجارت دوبارہ شروع کرنے پر متفق