ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں ایم پاکس کا چھٹا کیس سامنے آگیا،مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے کی تصدیق کردی۔
خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی نے خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت کی یونین کونسل کوٹ کشمیر کے 35سالہ شخص میں ایم پاکس کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مریض 28نومبر کو رات 9:30بجے دبئی سے فلائٹ نمبر پی کے 284 کے ذریعے پاکستان آیا تھا۔
مشتبہ مریض کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال معائنے کیلئے لے جایا گیا جہاں سے اس کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھیجے گئے تھے، مریض دبئی میں پچھلے پانچ سال سے بطور ڈرائیور کام کر رہا ہے۔
ڈی جی ہیلتھ میں بنائی گئی ریپڈ رسپانس ٹیم کے سرویلنس آفیسر ڈاکٹر مصور نے اس کیس کا کھوج لگایا، مریض کو اس بیماری کے علاج اور سماجی فاصلوں سمیت دیگر احتیاطی تدابیر سمجھادی گئی ہیں۔
متعلقہ ڈی ایچ او کو مطلع کردیا گیا ہے تاکہ وہ مریض پر نظر رکھیں۔مشیر صحت نے کہا کہ صوبے میں اس وقت ایم پاکس کا ایک ہی فعال کیس ہے، رواں سال صوبے بھر سے 6 ایم پاکس کیسز سامنے آئے ہیں، ایم پاکس سے متاثرہ 5 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے اسے ایمرجنسی آف انٹرنیشنل کنسرن قرار دیا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ احتیاط کریں اور سماجی فاصلوں کے نفاذ میں ہمارا ساتھ دیں۔
Load/Hide Comments