عمران خان سے وکلاء کی فوری ملاقات

عدالت کا عمران خان سے وکلاء کی فوری ملاقات کرانے کا حکم

ویب ڈیسک: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلاء کی فوری ملاقات کرانے کا حکم دے دیا ۔
عمران خان کے وکلا نے ملاقات سے روکے جانے پر تفتیشی افسر کے خلاف اے ٹی سی میں درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو طلب کرلیاتھا ۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا فیصل چوہدری اور ملک فیصل ایڈووکیٹ نے ملاقات کے لیے اے ٹی سی میں نئی دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ عدالت نے ملاقات کے لیے تفتیشی آفیسر سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تاہم تفتیشی آفیسر نے ملاقات کرانے سے انکار کر دیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کا کہنا ہے عمران خان جیل انتظامیہ نہیں پولیس کی حراست میں ہیں، وکلا کی اپنے کلائنٹ سے ملاقات آئینی و قانونی حق ہے، تفتیشی آفیسر کو عمران خان سے ملاقات کرانے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے وکلاء کی درخواست پر تھانہ نیو ٹائون کے تفتیشی آفیسر کو نوٹس جاری کر کے طلب کرلیاتھا ۔
عدالت نے کہا کہ جیل میں جو تھانہ ڈکلیئر کیا گیا ہے اس کا ایس ایچ او بھی ہوگا، جیل میں ڈکلیئر تھانے کا ایس ایچ او اور تفتیشی افسر وکلا کی فوری ملاقات کرائیں، وکلا کا اپنے کلائنٹ سے ملاقات کرنا آئینی تقاضا ہے۔
عدالتی حکم پر تفتیشی آفیسر طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوا، عدالت کو رپورٹ دی گئی کہ تفتیشی افسر کا فون بند ہے، تفتیشی آفیسر سے کوئی رابطہ نہیں ہورہا۔
بعد ازاں پی ٹی آئی وکلا کو عمران خان سے ملاقات کا تحریری حکم نامہ مل گیا، وکیل فیصل چوہدری اور ملک فیصل اڈیالہ جیل روانہ ہوگئے، دونوں آج عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

مزید پڑھیں:  رونالڈو اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں، ساتھی فٹبالر ولید عبد اللہ کا انکشاف