ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے وفاق پر 3مرتبہ چڑھائی کی لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت کا خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد سے گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کے ویڈیو بیان پیش کیے جس میں گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں نے بتایا کہ انہیں پیسے دے کر دھرنے میں لایا گیا۔
گرفتار کارکنوں نے ویڈیو بیان بتایا کہ کہ گاڑیوں میں پتھر موجود تھے، پیٹرول بم بنائے جا رہے تھے، توڑ پھوڑ کے دوران ہی انہیں گرفتار کیا گیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے 3 بار وفاق پر حملہ کیا، لشکروں کے ذریعے حکومت نہیں ہو سکتی، بانی پی ٹی آئی نے اسٹیبلشمنٹ کے گریبان پر ہاتھ ڈالا، پھرکہا مذاکرات انھی سے کرنے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران کسی شہری کے جاں بحق ہونے کی شہادت نہیں ملی، تمام لیڈر متضاد بیانات دے رہے ہیں، اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پیش کریں، پہلے کم از کم آپس میں مشاورت تو کر لیں کہ کتنے بندے مرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیوز موجود ہیں کہ یہ لوگ اسلام آباد سے فرار ہوئے، اب خیبرپختونخوا سے آئندہ وفاق پر کوئی حملہ نہیں ہوگا۔
Load/Hide Comments