برابری کا فارمولا ہی قبول

چیمپئنز ٹرافی: برابری کا فارمولا ہی قبول کریں گے، محسن نقوی

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر یک طرفہ کام چلے، ہم بھارت جائیں اور وہ نہ آئے، اب جو بھی ہوگا وہ برابری کی بنیاد پر ہوگا۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا اور بھارتی بورڈ نے اپنا موقف پیش کردیا، ہماری کوشش ہے کہ کرکٹ کی جیت ہو اور سب کچھ عزت کے ساتھ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم کرکٹ کی بہتری کے لیے کوششیں کررہے ہیں، اگر کوئی نیا فارمولا بنا تو برابری اس کی بنیاد ہوگی، بہت ساری چیزیں ہوسکتی ہیں مگر ہماری ترجیح کرکٹ کی جیت ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہ کہ سب سے زیادہ ضروری پاکستان کی عزت جسے ہم برقرار رکھوائیں گے اور پھر کرکٹ کی جیت بھی ہوگی،یہ نہیں ہوسکتا کہ یک طرفہ کام چلے، ہم بھارت جائیں اور بھارت پاکستان نہ آئے، اب جو بھی ہوگا وہ برابری کی بنیاد پر ہوگا اور فیصلے صرف چیمپئنز ٹرافی تک محدود نہیں رہیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس معاملے کو اب ہم ہمیشہ کیلئے برابری کی بنیاد پر حل کریں گے اور کوئی فارمولا بنا تو وہ بھی برابری کی بنیاد پر ہوگا، خواہش ہے کہ معاملے کا اچھا حل نکلے۔
دبئی میں محسن نقوی سے یو اے ای کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی بھی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کیلئے پوری طرح تیار ہے، سیکیورٹی سمیت تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔

مزید پڑھیں:  مہنگائی میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی، سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ