ویب ڈیسک: کمشنر پشاور ریاض محسود نے کہا ہے کہ نشئیوں اور پیشہ ور گداگروں کی بہتات کی وجہ سے پھولوں کے شہر پشاور کی خوبصورتی شدید متاثر ہو رہی ہیں، اس لئے پھولوں کے شہر پشاور کو نشئیوں اور پیشہ ور گداگروں سے پاک مثالی شہر بنایا جائے گا، پیشہ ور گداگر مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
کمشنر پشاور ڈویژن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تین کروڑ بیس لاکھ روپے فنڈز کی فراہمی کے بعد اپنی نوعیت کے پہلے گداگروں سے پاک پشاور مہم بھی اگلے ہفتے سے شروع کی جائے گی، اور پورے ضلع کو پیشہ ور گداگروں سے پاک کرکے حکومتی تحویل میں لیا جائے گا۔
ریاض محسود کا کہنا تھا کہ پشاور کو نشیوں اور پیشہ ور گداگروں سے پاک مثالی شہر بنایا جائے گا، نشئیوں سے پاک شہر کے مشن کے بعد حکومتی تحویل میں پیشہ ور گداگروں کو معاشرے کے مفید شہری بنانے کے لیے ان کو صوبائی محکمہ ٹویوٹا کے زریعے مختلف ہنر سکھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گداگروں کو حکومت کی جانب سے مفت رہائش، خوراک اور تربیت فراہم کی جائے گی۔ خواتین گداگروں کے لیے الگ الگ سنٹر مختص کیا گیا ہے، جہاں ان کی مفت رہائش اور تربیت کی سہولیات فراہم کی گئی ہے۔ کم عمر گداگر بچوں کے لئے الگ عمارت مختص کر کے تعلیم و تربیت کے ساتھ انہیں بھی یہی سہولیات فراہم کی جائیںگی۔
کمشنر پشاور نے کہا کہ اس مقصد کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام ایک بڑی بلڈنگ کرایہ پر حاصل کی جائے گی، جس میں شہر میں موجود گداگروں کی تعداد کے مطابق افراد کے رہائش کی گنجائش ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مستحق گداگروں کو ہنر سکھانے کے علاوہ ان کو روزگار بھی دیا جائے گا۔
کمشنر پشاور ریاض محسود نے کہا کہ گداگروں کی تعداد کے بارے میں سروئے پہلے ہی مکمل کرلی گئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ گداگروں کو استعمال کرنے والے مافیا کی بھی نشاہدہی ہوچکی ہے۔ گداگروں کو استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ چند روز میں تیاریاں مکمل کر کے پیشہ ور گداگروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کریک ڈاؤن کے لیے ضلعی انتظامیہ، پشاور پولیس، محکمہ سماجی بہبود پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، فنڈز کی فراہمی اور سرپرستی کے لیے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی اور مشیر خزانہ مزمل اسلم کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
یاد رہے کہ گداگروں سے پاک پشاور مہم کے سلسلے میں 2 دسمبر بروز پیر کو کمشنر آفس پشاور میں تمام متعلقہ اداروں کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں گداگروں کے خلاف کارروائی کے لیے حکمت عملی وضع کی جائے گی۔
Load/Hide Comments