ہوٹل روز ویلٹ کے حوالے سے

بھارتی نژاد امریکی مشیر کا ہوٹل روز ویلٹ کے حوالے سے جانبدارانہ بیان

ویب ڈیسک: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارتی نژاد مشیر کا ہوٹل روز ویلٹ کے حوالے سے جانبدرانہ بیان سامنے آ گیا، انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیویارک کی شہری انتظامیہ نے صرف پی آئی اے کی زیر ملکیت ہوٹل کو کرائے پر نہیں لیا، ایسے لاتعداد ہوٹل ہیں جنہیں کرایہ پر حاصل کرکے 14 ہزار کمروں کی ضرورت پوری کرنے کی پوری کوشش کی گئی ہے۔
بھارتی نژاد امریکی مشیر راما سوامی نے عہدے کا ابھی حلف بھی نہیں لیا، شہری حکومت کے اخراجات بھی ان کے دائرہ کار میں نہیں، پھر بھی ہوٹل روز ویلٹ کے حوالے سے جانبدارانہ بیان داغ کر شکوک و شبہات پیدا کئے گئے ہیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق پی آئی اے کی زیر ملکیت ہوٹل کو بعض پاکستانی حکمرانوں کی جانب سے بطور تحفہ دینے کے مبینہ وعدوں کی روداد بھی سنائی گئی ہے۔
امریکی حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نو منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے نامزد عہدیدار بھارتی نژاد امریکن نوجوان ووک گھناپتی راماسوامی نے اپنے ایک تازہ جانبدارانہ بیان کے ذریعہ پی آئی اے انوسٹمنٹ کی زیر ملکیت نیویارک کے ہوٹل روز ویلٹ کے تلخ حقائق پر مبنی تاریخ کے باب کو بیک وقت امریکی، بھارتی اور پاکستانی توجہ کا مرکز بنا دیا۔
راما سوامی کے اس سیاسی اور مالیاتی بیان کو اس لیے جانبدارانہ قرار دیا جا رہا ہے کہ نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز کی انتظامیہ نے غیر قانونی امیگرنٹس کی رہائش کیلئے صرف روز ویلٹ ہوٹل کو کرایہ پر حاصل نہیں کیا بلکہ نیویارک سٹی کی حدود میں سینکڑوں چھوٹے بڑے ہوٹلز کرایہ پر حاصل کرکے 14؍ ہزار کمروں کی ضرورت پوری کرنے کی پوری کوشش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں متعدد ایسے ہوٹلز بھی ہیں جو غیر ملکی اور غیر امریکی کمپنیوں کی ملکیت ہیں۔ بھارتی تاج گروپ، ایئر انڈیا اور دیگر کمپنیوں کی طرح دیگر ہوٹلز کی ملکیت کی مثالیں دی جاسکتی ہیں۔
سوامی کے بیان میں یہ بھِی بتایا گیا ہے کہ نیویارک سٹی ہوٹل روز ویلٹ کا کرایہ 220 ملین ڈالرز حکومت پاکستان کوا دا کررہاہے جبکہ حقائق کچھ یہ ہیں کہ یہ ہوٹل پی آئی اے انوسٹمنٹ کی ملکیت ہے، تاہم اگر 220 ملین ڈالرز کرایہ پر مبنی لیز پر نظر ڈالی جائے تو 3 سالہ لیز مکمل ہونے پر پی آئی اے انوسٹمنٹ کو صرف 18 ملین ڈالرز کیش حاصل ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  امید ہے 190ملین پاؤنڈ کا متوقع فیصلہ حقائق پر مبنی ہوگا ،خواجہ آصف