ویب ڈیسک: خصوصی افراد کے عالمی دن پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خصوصی افراد کو قابلیت کی بنیاد پر روزگار فراہم کرنا ہوگا، زندگی کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں خصوصی افراد کی شرکت یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کی استقامت، ہمت اور قابل ِ قدر کردار کا اعتراف کرتے ہیں۔ ٹیکنالوجی اور عوامی مقامات تک خصوصی افراد کی رسائی بڑھانا وقت کا تقاضہ اور اہم ضرورت ہے، ان کیلئے سازگار قانونی، سماجی اور معاشی حالات پیدا کرنا ہوں گے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو معیاری تعلیم، ہنر اور صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، خصوصی افراد کو قابلیت کی بنیاد پر روزگار فراہم کرنا ہوگا۔ سرکاری ملازمتوں میں خصوصی کوٹہ کے نفاذ سے معذوری کے حامل افراد کو روزگار تک رسائی حاصل ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج دنیا بھر میں معذور افراد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمارے معاشرے میں معذور افراد کے حقوق، وقار اور ان کی شمولیت کو فروغ دینے کے عالمی برادری کے اجتماعی عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معذور افراد کو تعلیم، روزگار، صحت اور عوامی زندگی میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، حکومت معذور افراد کو بااختیار بنانے کیلئے جامع پالیسیوں کو نافذ کرنے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے۔
Load/Hide Comments