تحریک انتشار گولی چلانے کا جھوٹا

تحریک انتشار گولی چلانے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے، عطا تارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشار گولی چلانے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے، احتجاج کے حوالے سے فیک نیوز پھیلائی جا رہی ہیں، پی ٹی آئی نوسر بازوں کی جماعت بن گئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انتشار گولی چلانے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے، احتجاج کے موقع پر مظاہرین پرامن نہیں تھے، یہی مسلح ہو کر آئے تھے، یہ لوگ پہلے اداروں کو نشانہ بناتے ہیں، پھر پراپیگنڈا کرنے پر اتر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب جھوٹا بیانیہ چلایا جا رہا ہے کہ گولی کیوں چلائی، یہ جو ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں اس میں تو کوئی گولی نظر نہیں آئی، تحریک انتشار ایک ویڈیو لے آئے جس میں ایک بھی سیدھی فائر کی گئی ہو، یہ بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، اور اب نعشوں کے پیچھے چھپنا چاہتے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ معیشت ترقی کر نہیں رہی، معیشت کی ترقی ہو گئی ہے، مہنگائی 70 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، جو وزیراعظم کی محنت کی واضح دلیل ہے، دوسری طرف سٹاک مارکیٹ کو دیکھیں وہاں تو ریکارڈ بن گیا ہے، ایک لاکھ پوائنٹس کراس کر گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  ڈیم اور نہری منصوبوں کی تعمیر میں بھاری مالی نقصانات کا انکشاف