ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ نہتے بے گناہ شہریوں پر فائرنگ کرنے، لاشوں کی چوری اورلواحقین و ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہراساں کرنے کے تمام شواہد موجود ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ 26نومبر کو معصوم شہریوں کے قتل عام کے ٹھوس شواہد اپنی آنکھوں سے دیکھ کر بھی مینڈیٹ چوروں کا گروہ ہٹ دھرمی اور بے حسی کی تمام حدیں پار کر چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی سیاسی اور جمہوری تاریخ کے بدترین قتل عام کا بے شرمی سے دفاع کرکے متاثرین کا تمسخر اڑانے کا گھٹیا ترین اعزاز بھی ماڈل ٹان کے قاتلوں نے اپنے نام کر لیا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عطا تارڑ اور ان جیسے چند خاص لوگوں کا نہ ختم ہونے والا واویلا بتا رہا ہے کہ معصوم شہریوں کے خون ناحق کے اصل ذمہ دار کون ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ رات کی تاریکی میں نہتے شہریوں پر گولیاں برسانے کے بعد اس سفاکیت پر پردہ ڈالنے کے لیے بے گناہ شہریوں کی لاشوں کو غائب کرنا ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسی مذموم منصوبے کے تحت ٹاٹ وزرا کے ذریعے جھوٹ اور پراپیگینڈے کا سہارا لے کر بحث کا رخ غیرضروری موضوعات کی جانب موڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔
حکومت پرالزامات عائد کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ نہتے بے گناہ شہریوں پر گولیاں چلانے سے لے کر لاشوں کی چوری اورلواحقین و اسپتالوں کی انتظامیہ کو ہراساں کرنے کے تمام تر سلسلے کے شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں۔
Load/Hide Comments