ویب ڈیسک: اوورسیز کی شکایات کے ازالہ کیلئے کمیشن قیام کا قانون منظور، بل صوبائی وزیر قانون نے اسمبلی اجلاس کے دوران پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں اوور سیز پاکستانی کمیشن ترمیمی بل 2024ءکی منظوری دے دی گئی۔ منگل کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران بل صوبائی وزیرقانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے ایوان میں پیش کیا۔ بل کے تحت سمندر پار خیبر پختونخوا کے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کمیشن قائم کیا جائے گا۔
اوورسیز کی شکایات کے ازالہ کیلئے کمیشن کے قیام کا قانون منظور کر لیا گیا، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گریڈ 20 یا اس سے اوپر گریڈ کے سرکاری آفیسر کو اوورسیز کمشنر مقرر کیا جائیگا جبکہ وزیر اعلی اوورسیز کمیشن کے چیئر پرسن ہونگے۔
سپیکر کی مشاورت سے دو اراکین اسمبلی بھی کمیشن کے ممبران ہوں گے۔ ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا کہ کمشنر ہر ماہ کارکردگی رپورٹ جمع کروائیں گے، کمیشن ہر چار ماہ بعد کمشنرز کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔ کمشنر اوورسیز شہریوں کی شکایات کو متعلقہ سرکاری ایجنسی یا ضلعی کمیٹی کو بھیجیں گے۔
قانون کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ کمشنر شکایات کا ازالہ نہ کرنے پر سرکاری افسران کے اہلکاروں کے خلاف کاروائی تجویز کریں گے۔
Load/Hide Comments