گورنر ہاؤس میں اے پی سی

پشاور:گورنر ہاؤس میں اے پی سی کاآغاز،مختلف سیاسی جماعتوں کےرہنماشریک

گورنر ہائوس پشاورمیں ضلع کرم سمیت صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی )کا آغاز ہوگیا جس میں پی ٹی آئی کے علاوہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنما شریک ہیں ۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی دعوت پر منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین، قومی وطن پارٹی کے رہنما آفتاب شیرپاؤ، جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم، عنایت اللہ اور دیگر پارٹیوں کے قائدین انجینئر امیر مقام، مولانا لطف الرحمان، محمد علی شاہ باچا، محسن داوڑ، سکندر شیر پا ؤشریک ہیں ۔
ضلع کرم میں امن و امان کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس کی صدارت و میزبانی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کر رہے ہیں۔
اے پی سی سے قبل گورنر خیبر پختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان اور دیگر مسائل سے غافل ہے، پی ٹی آئی کے شرکت نہ کرنے سے معلوم ہوا کہ یہ انتشار کو پسند کرتے ہیں، پی ٹی آئی نے صوبہ دہشت گردوں کے حوالے کیا اور خود اسلام آباد پر چڑھائی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے وزیر اعلیٰ اور آئی جی کے اپنے آبائی علاقے میں امن نہیں، حکومتی رٹ کا یہ حال ہے کہ چیف سیکریٹری بھی ضلع کرم میں سڑک کو نہ کھلوا سکے۔
کانفرنس سے قبل میاں افتخار حسین نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پنجاب میں پختونوں کے ساتھ ناروا رویہ ترک کیا جائے، ہم یہ برداشت نہیں کریں گے، پی ٹی آئی کو اے پی سی میں شرکت کرنی چاہیے تھی
وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما اسلام آباد میں چڑھائی کے لئے تو تیار رہتے ہیں اور صوبے کی بات ہوتی ہے تو یہاں نہیں آتے۔

مزید پڑھیں:  پشاور: وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پارا چنارکیلئے ایمرجنسی ادویات کی ایک اور کھیپ روانہ