وفاق سے صوبے کا حق لیں

گورنر فیصل کنڈی اور امیر مقام وفاق سے صوبے کا حق لیں،بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی اور امیر مقام وفاق سے اپنے صوبے کے عوام کا حق لیں۔
گورنر ہائوس میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ اے پی سی کامقصد سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے سوا کچھ نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی اس بات پر اختتام پذیر ہوئی کہ 18 ویں ترمیم کے بعد اختیارات وزیراعلیٰ کے پاس ہیں، جب اختیارات وزیراعلیٰ کے پاس ہے تو اے پی سی کیوں بلائی؟کمیٹیاں بنانے کی ضرورت نہیں کنڈی اور امیر مقام سیدھا جائیں اور وفاق سے اپنے صوبے کے عوام کا حق لیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ گورنر فیصل کنڈی اور انجینئر امیر مقام این ایف سی ایوارڈ میں ضم اضلاع کو شئیر نہ ملنے پر شہباز شریف اور زرداری سے جواب طلبی کریں، دہشت گردی کی روک تھام کی مد میں صوبے کو پچھلے سال 93 ارب روپے ملے ہیں جبکہ صوبے نے 106 بلین روپے صرف ضم اضلاع میں خرچ کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختون خوا کو ضم اضلاع کے طے شدہ شئیر اور آبادی کے مطابق فنڈز نہیں دیتی لیکن گورنر اور امیر مقام دونوں کرسی کی خاطر صوبے کے حقوق پر خاموش ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور دعوئوں کی بجائے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں، علی امین کی دوراندیش قیادت میں کرم کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہونے کی قریب ہے
انہوں نے واضح کیا کہ ضم اضلاع میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لئے 7 ارب روپے دئیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ ہفتے سی ٹی ڈی کے لئے وزیراعلی نے ایک ارب روپے کی منظوری دی ہے ۔

مزید پڑھیں:  نوازشریف کو پھانسی سے بچانے کیلئے کلنٹن کی خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف