بشریٰ اور علیمہ کی مداخلت

بشریٰ اور علیمہ کی مداخلت سے پی ٹی آئی رہنما پریشان

ویب ڈیسک: بشریٰ اور علیمہ کی مداخلت سے پی ٹی آئی رہنما پریشان، بعض سینئر رہنماؤں نے بتایا کہ عمران خان کی اہلیہ اور بہن کا پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ناروا سلوک بڑھتا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور عمران خان کی بہن علیمہ خان کے مبینہ سخت رویے اور پارٹی معاملات میں بڑھتی ہوئی مداخلت سے تحریک انصاف کے کئی رہنما کافی پریشان ہیں۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پارٹی کے بعض سینئر رہنماؤں نے بتایا کہ عمران خان کی اہلیہ اور بہن کا پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ناروا سلوک بڑھتا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ایسا ہی ایک واقعہ رونما ہوا تھا۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی اڈیالہ جیل میں عدالت کے احاطے میں بیرسٹر گوہر علی خان اور سلمان اکرم راجہ کے ساتھ تلخی اسی صورتحال کی عکاسی ہے جس کا سامنا پارٹی رہنماؤں کو ہے۔
پارٹی کے ایک رہنما کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بیشتر رہنماؤں نے غیر معمولی قربانیاں دی ہیں، درجنوں ایف آئی آرز میں نامزد ہیں، جیلوں کا سامنا کر رہے ہیں، پھر بھی ہماری توہین کی جا رہی ہے۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پارٹی رہنما دونوں خواتین کا احترام کرتے ہیں، انہوں نے اصرار کیا کہ دونوں کا پی ٹی آئی کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

مزید پڑھیں:  انتظار ختم، انگورو ٹرانزٹ روٹ گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا