3پولیس اہلکارگرفتار

سوات :پولیس چوکی میں شہری کو قتل کرنے میں ملوث 3پولیس اہلکارگرفتار

ویب ڈیسک: ایف آئی اے اینٹی کرپشن پشاور سرکل نے سوات میں پولیس چوکی میں شہری کو تشدد کرکے قتل کرنے میں ملوث تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ۔
ایف آئی اے نے پہلی بار کسٹوڈیل ڈیتھ ایکٹ 2022کے تحت ملزموں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے کارروائی کی، ملزموں کو عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے حوالے کر دیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی کرپشن پشاور سرکل طاہر خان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے شہری محمد سلیمان کو چوری کے جھوٹے مقدمے میں نامزد کرتے ہوئے 17 فروری کو گرفتار کیا اور 18فروری کو حوالات میں تشدد کرکے قتل کردیا۔
مقتول کے ورثاکی درخواست پر جوڈیشل انکوائری کی گئی، انکوائری میں ثابت ہوگیا کہ شہری کو پولیس تشدد کر کے قتل کیا گیا تھا جس پر علاقہ مجسٹریٹ نے کسٹوڈیل ڈیٹھ پروینشن اینڈ پنشمنٹ ایکٹ 2022کے تحت کیس ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
ایف آئی اے نے پہلی بار کسٹوڈیل ڈیتھ ایکٹ 2022کے تحت ملزموں کے خلاف ایف آئی ار درج کرنے کے بعد تینوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا جن کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  ژوب میں دہشت گردوں کی پاکستان داخلے کی کوشش ناکام ،5ہلاک