ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی جانب سے جواب نہ آنے پر چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے آئی سی سی اجلاس پھر ملتوی کر دیا گیا۔ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق آئی سی سی کا اہم اجلاس آج ہونا تھا جس میں ٹرافی کی میزبانی اور شیڈول سے متعلق چیزوں کو طے کرنا تھا، تاہم اب ذرائع کا بتانا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق آئی سی سی میٹنگ ایک بار پھر ملتوی ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے پاکستان کے مزید مطالبات پر پیشرفت کا جواب بھی دینا ہے، بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اجلاس میں پاک بھارت دوطرفہ ٹی20 سیریز سے متعلق پی سی بی نے کوئی تجاویز نہیں دیں۔ اس حوالے سے بات ہی نہیں ہوئی تو تجاویز کیسے دی جا سکتی ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا پہلا ہدف آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا اور دوسرا ہدف سالانہ اجلاس میں چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بجٹ کی منظوری تھا۔
اس سلسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ پی سی بی چیئرمین میٹنگ میں اپنے 2 بنیادی ایجنڈوں کیساتھ آئے تھے، اس لیے دوطرفہ سیریز کی پیشکش کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ قبل ازیں قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی اجلاس میں بھارت کو نیوٹرل مقام پر دوطرفہ ٹی20 سیریز کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کی شرائط بھارتی بورڈ سے متعلق ہیں جبکہ پاکستان اپنے سخت مؤقف پر قائم ہے جس کی وجہ سے چیمپئینز ٹرافی کے معاملات کو تاحال حتمی شکل نہیں دی جا سکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملات حتمی مرحلے میں ہیں لیکن پاکستان کے مطالبات پر جواب نہ آنے پر اجلاس کا کوئی فائدہ نہیں۔
Load/Hide Comments