بشارالاسد اہل خانہ کے ہمراہ ماسکو

بشارالاسد اہل خانہ کے ہمراہ ماسکو پہنچ گئے،روس نےسیاسی پناہ دیدی

ویب ڈیسک: بشارالاسد اہل خانہ کے ہمراہ ماسکو پہنچ گئے، روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں باغیوں کے قبضے کے بعد ملک چھوڑجانے والے صدر بشارالاسد کو روس نے انہیں سیاسی پناہ دے رکھی ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق کریملن ذرائع نے بتایا ہے کہ شام میں باغیوں کے دھاوا بولنے کے بعد بشارالاسد اہل خانہ کے ہمراہ ماسکو پہنچ گئے ہیں اور روس کی جانب سے انہیں سیاسی پناہ بھی دے دی گئی ہے۔ قبل ازیں بین الاقوامی میڈیا نے متضاد رپورٹس دی تھیں کہ بشارالاسد کے طیارے کا رابطہ ریڈار سے منقطع ہو گیا ہے اور خدشہ ہے کہ ان کا جہاز حادثے کا شکار ہو گیا ہو تاہم بعدازاں روسی ذرائع نے بتایا کہ وہ ماسکو پہنچ گئے ہیں۔
ماسکو ذرائع کے مطابق باغیوں کی جانب سے شام کے دارالحکومت دمشق میں قبضے کے ساتھ ہی ایک طیارہ ایئرپورٹ سے بیرون ملک روانہ ہو گیا تھا اور ریڈار سے غائب ہونے سے قبل طیارہ مخالف سمت میں پرواز کرتا رہا تھا۔ اس موقع پر روسی میڈیا نے بھی کریملن ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ سابق شامی صدر اور ان کا خاندان روس میں ہے، یا د رہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں کے داخل ہونے سے پہلے ہی بشار الاسد ایک طیارے میں نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئے تھے۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے غیر مصدقہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا کہ بشار الاسد 8 دسمبر کو دمشق سے فرار ہوئے تاہم ان کی لوکیشن کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا، تاہم بشار الاسد کے طیارے کا جو دو منٹ کا ریڈار ڈیٹا دستیاب ہے اس کے مطابق بشار الاسد کے طیارے کو بلندی سے مسلسل نیچے کی جانب آتے دیکھا گیا۔

مزید پڑھیں:  ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو صحت کے پیچیدہ مسائل کا سامنا ،ذہنی دباؤ کا شکار