ویب ڈیسک: پاراچنار ٹل مین شاہراہ تاحال بند ہونے کی وجہ سے علاقہ میں اشیائے ضروریہ کی قلت کا خدشہ منڈلانے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع کرم میں پاراچنار ٹل مین شاہراہ اور متعدد راستوں پر آج بھی آمد و رفت و ٹریفک بند رہی، دوسری طرف ان راستوں کی بندش کے باعث پاراچنار شہر میں اشیائے ضروریہ کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
پارا چنار شہر میں اشیائے خوردونوش، ادویات، آندھن اور دیگر چیزوں کا مکمل فقدان پیدا ہو گیا ہے، اشیائے ضروریہ نہ ملنے کی صورت میں شہری انتہائی مشکلات سے دو چار ہیں۔ بیماروں کیلئے ادویات تک ناپید ہو چکی ہیں، جبکہ ایندھن ذخیرہ ختم ہونے سے زندگی سے جڑی متعدد سہولیات کے فقدان کا خطرہ ہے۔
آٹا، گھی، چینی، پیٹرول ڈیزل، ایل پی جی، لکڑی اور ادویات ملنے کے لیے پاراچنار کے شہری ترس رہے ہیں جبکہ شہر میں پچھلے 20 دنوں سے سبزی نہیں مل رہی اور شہر سے دالیں بھی غائب ہیں۔ اس حوالے سے بارڈر حکام کا کہنا ہے کہ پاک افغان خرلاچی بارڈر بھی ہر قسم آمد و رفت اور تجارت کے لیے بند ہو گئی ہے۔
جرگہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پائیدار امن و امان کیلئے پشتون قومی جرگہ ضلع کرم میں فریقین کے درمیان صلح کرا رہا ہے۔ عمائدین کے درمیان آج کمشنر کوہاٹ دفتر میں اہم جرگہ ہوگا جس میں دونوں فریقین کے عمائدین سمیت سرکاری گرینڈ جرگہ کے اراکین شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاراچنار ٹل مین شاہراہ تاحال بند ہونے کی وجہ سے علاقہ میں اشیائے ضروریات کی قلت کا خدشہ منڈلانے لگا ہے، جس سے شہری شدید ذہنی کوفت کا شکار ہیں.
Load/Hide Comments