سول نافرمانی تحریک کا زیادہ نقصان تحریک انصاف کو ہوگا، حافظ حمداللہ

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ سول نافرمانی تحریک کا زیادہ نقصان تحریک انصاف کو ہوگا، ابھی پی ٹی آئی سے مل کر تحریک چلانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جب تحریک انصآف والے مل کر تحریک چلائیں گے تو دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سول نافرمانی کی تحریک چلانے سے جے یو آئی اتفاق نہیں کرتی، کسی اور پر اثر پڑے نہ پڑے، سول نافرمانی تحریک کا زیادہ نقصان تحریک انصاف کو ہی ہوگا۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی کی جانب سے مطالبات پورے نہ ہونے پر سول نافرنامی کی تحریک کا عندیہ دیا گیا ہے۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے میں ہیں، اس سلسلے میں چاہتے ہیں کہ حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلائیں۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے سنجیدہ مذاکرات نہ کیے تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کا اعلان کیا جائِیگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتجاج اور مذاکرات کیلئے حکمت عملی وضع کر لی، تاہم نتیجہ خیز مذاکرات تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، احتجاج کے ساتھ ساتھ مذاکرات کا دروازہ بند نہیں ہوگا، تمام لوگوں سے مذاکرات کیے جائيں گے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے چند مطالبات پیش کئے گئے اور ساتھ ہی کہا گیا کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو تحریک چلائیں گے۔

مزید پڑھیں:  فورسز کی پاک افغان سرحد کے قریب کارروائی،افغان جاسوس ہلاک