چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل

بھارتی بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری کا دعویٰ کر دیا

ویب ڈیسک: آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھارتی بورڈ کی جانب سے ایک بار پھر سے نیا شوشہ چھوڑا گیا ہے، آئی سی سی اعلامیہ سے قطع نظر بھارتی بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری کا دعویٰ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی، چیمپئنز ٹرافی 2025 کے مقابلے پاکستان اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ بھارتی بورڈ کی جانب سے نیا شوشہ ہے جس میں بھارتی بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری کا دعویٰ کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری انآفیشل اجلاس میں دی، اس حوالے سے پاکستان اور بھارت میں اصولی معاہدہ بھی ہو گیا ہے، جس کے مطابق پی سی بی اور بی سی سی آئی بھارت کے مقابلے دبئی میں کرانے پر رضامند ہے جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ کولمبو میں ہوگا۔
بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ پی سی بی اس معاہدے کے لیے کوئی مالی معاوضہ وصول نہیں کرے گا، چیمپئنز ٹرافی کے حالیہ ایونٹ کے مقابلے پاکستان میں تین وینیوز اور بھارت کے مقابلے دبئی میں ہوں گے۔
بھارتی بورڈ نے سابق روایات کی طرح اب کی بار بھی پی سی بی کو سبز باغ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو 2027 کے آئی سی سی ویمنز ٹورنامنٹ کی میزبانی بھی ملے گی، یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی بورڈ نے آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کیلئے ایک شیڈول کی منظوری میں تعاون کا کہا تھا ، جس میں کہا گیاتھا کہ بھارت پاکستان میں ٹیسٹ سیریز اور دیگر فارمیٹس میں میچز کھیلے گا، لیکن ایسا ہوا نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی سے متعلق حتمی فیصلہ کل ہوجائے گا، 3 سال کے فیوژن ماڈل کو کل آئی سی سی سے منظوری ملنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور ہائیکورٹ کا ڈھائی ہزار توہین عدالت کی درخواستیں یکجا کرکے سننے کا فیصلہ