ملکی سرحدات پر جدید ٹرانزٹ ٹرمینل

ملکی سرحدات پر جدید ٹرانزٹ ٹرمینل منصوبہ تکمیل کے قریب

ویب ڈیسک: کاروبار کے حوالے سے ملکی سرحدات پر جدید ٹرانزٹ ٹرمینل منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک سمیت ریجنل ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے طورخم تجارتی گزرگاہ سمیت چمن اور واہگہ بارڈر پر بین الاقوامی معیار کے آئی ٹی ٹی ایم ایس منصوبے کے قیام کی منظوری دی تھی جو تکمیل کے مراحل میں ہے۔
ذرائع کے مطابق ملکی سرحدات پر جدید ٹرانزٹ ٹرمینل منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا، جس کا تعمیراتی کام نیشنل لاجسٹک سیل کے سپرد کیا گیا ہے۔ 2019 میں طورخم تجارتی گزرگاہ پر بین الاقوامی معیار کے جدید ٹرانزٹ ٹرمینل منصوبے کی تعمیر کا آغاز کیا گیا، جو کہ اب تکمیل کے مراحل میں ہے۔
این ایل سی حکام کے مطابق 2019 میں شروع ہونے والا منصوبہ جولائی 2023 میں مکمل ہونا تھا تاہم کارگو گاڑیوں کے رش اور جگہ کم ہونے کے باعث تاخیر ہوئی، اب یہ منصوبہ آئندہ 3 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ این ایل سی حکام کے مطابق ٹرمینل میں بیک وقت 500 سے زیادہ کارگو گاڑیوں کو پارک کیا جاسکےگا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق افغانستان کے ساتھ طورخم سرحدی گزرگاہ پر یومیہ اوسطاً 10 ہزار افراد کی آمدورفت ہوتی ہے۔ ون ونڈو سسٹم کے تحت مسافروں کو پاسپورٹ ویزہ پر آمدورفت کی اجازت دی جاتی ہے اور آن لائن اندراج سے پیدل آمدورفت پشاور اور اسلام آباد سے منسلک ہے۔

مزید پڑھیں:  لوئر کرم کے مکین آپریشن کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے