ویب ڈیسک: صائم ایوب کی سنچری کی بدولت پہلا ون ڈے پاکستان کے نام رہا، جبکہ پروٹیز کو 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پارل میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پروٹیز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر مقررہ اوورز میں 239 رنز جوڑے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے ہینرچ کلاسن 86 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ریکلٹن نے 36 ، مارکرم 35 رنز بنا کر دیگر نمایاں کھلاڑی رہے۔ پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے 4، ابرار احمد نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ اڑائی۔
جنوبی افریقہ کے 239 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے جارحانہ انداز میں کھیل کا اغاز کیا، اور ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ تین وکٹوں سے جیت لیا۔ میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر سے دھوکہ دے گیا۔
قومی اوپنر عبداللہ شفیق بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، جبکہ بابر اعظم کا بیٹ بھی رنز اگلنے میں ناکام رہا اور وہ 23 رنز کی اننگز ہی کھیل پائے، ریکارڈ ساز بلے باز اور ٹیم کپتان محمد رضوان صرف ایک رنز، کامران غلام 4، عرفان خان ایک، شاہین آفریدی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
قومی بلے باز صائم ایوب نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ سلمان علی آغا نے ٹیم کو وکٹری سٹینڈ پر لانے میں ان کا بھرپور ساتھ دیا، اور 82 رنز کی اننگز کھیل کر بیٹ کیری کر گئے۔
سلمان علی آغا کو بہترین آل راؤنڈر پرفارمنس کے باعث مین آف دی میچ قرار دیا گیا، سلمان علی آغا نے اپنا مین آف دی میچ ایوارڈ صائم ایوب کو دے دیا۔ یاد رہے کہ صائم ایوب کی سنچری کی بدولت پہلا ون ڈے پاکستان کے نام رہا، جبکہ پروٹیز کو 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Load/Hide Comments