سیریز پاکستان نے جیت لی

پروٹیز کو دوسرے ون ڈے میں شکست، سیریز پاکستان نے جیت لی

ویب ڈیسک: جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان اور پروٹیز کے مابین سنسنی خیز مقابلے ہوئے، 2 میچز جیت کر سیریز پاکستان نے جیت لی، جبکہ دوسرے میچ میں بھی میزبان الیون کو 81 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹاس جیت کر میزبان ٹیم نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اوپن کیا، تاہم کھاتہ کھولے بغیر ہی عبداللہ شفیق پویلین لوٹ گئے۔ صائم ایوب 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر کریز کپتان محمد رضوان اور منجھَے ہوئَے بلے باز بابر اعظم نے سنبھالی۔
پاکستان کے دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، اور اپنی اننگز کے دوران گراونڈ کے چاروں جانب سٹروکس کھیلتے ہوئے پروٹیز فیلڈ کو ادھر ادھر بھگانے پر مجبور کیا۔ رضوان اور بابر کے درمیان 115 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔
افریقہ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں بابراعظم 73 جبکہ کپتان محمد رضوان 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سلمان آغا 33، کامران غلام 63 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ عرفان خان 15، شاہین آفریدی 16، حارث رؤف 6 رنز بنا سکے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے کوینا مافاکا نے 4، مارکو جانسن نے 3 جبکہ اینڈائل اور بجورن فورٹین نے ایک ایک وکٹ اڑائی۔ 330 رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 44ویں اوور میں 248 رنز پر ہمت ہار گئی، ٹونی ڈی زورزی 34، ایڈن مارکرم 21، ڈیوڈ ملر 29 رنز بنا سکے۔ ہینرچ کلاسن نے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 97 رنز کی اننگز کھیل کر نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے۔
پاکستانی بولنگ لائن میں شاہین آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ نے 3، ابرار احمد نے 2 اور سلمان آغا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم محمد رضوان نے سیریز جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس جیت کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیدیا۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان اور پروٹیز کے مابین سنسنی خیز مقابلے ہوئے، 2 میچز جیت کر سیریز پاکستان نے جیت لی.

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی کی 32 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع