حکومت اور تحریک انصاف کےمابین پہلی

سپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت حکومت اور تحریک انصاف کےمابین پہلی بیٹھک

ویب ڈیسک: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت حکومت اور تحریک انصاف کےمابین پہلی بیٹھک کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔دونوں کمیٹیوں کے مابین مذاکرات کا پہلا دور آج پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں ہو رہا ہے، سپیکر قومی اسمبلی ان کیمرہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت حکومت اور تحریک انصاف کےمابین پہلی بیٹھک کا آغاز پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں ہو ا، مذاکرات میں حکومتی اتحاد کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، عرفان صدیقی ، رانا ثناءاللہ، نوید قمر ، راجا پرویز اشرف اور فاروق ستار شامل ہیں۔
اپوزیشن کی طرف سے مذاکراتی کمیٹی ممبر قومی اسمبلی اور سابق سپیکر اسد قیصر، حامد رضااور علامہ ناصر عباس موجود ہیں، تاہم عمر ایوب، علی امین گنڈاپور، حامد خان اور سلمان اکرم راجا اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ان کیمرہ اجلاس کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، حکومت اور اپوزیشن کی کمیٹیوں کے اراکین کو بھی نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان اور چودھری سالک شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی میں عمر ایوب، علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجا، اسد قیصر، حامد خان اور علامہ راجہ ناصر عباس شامل ہیں۔ تحریک انصاف نے مذاکرات کیلئے مطالبات کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں:  انتظار ختم، انگورو ٹرانزٹ روٹ گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا