ویب ڈیسک: بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کا 148واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے، اس حوالے سے ملک بھرمیں تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے، بابائے قوم کے یوم پیدائش پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، سرکاری اور غیرسرکاری ادارے خصوصی تقریبات کا انعقاد کر رہے ہیں۔
ملت کا پاسباں ہے محمد علی جناح، بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کا 148واں یوم پیدائش عقیدت و احترام کے ساتھ ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام سے حاصل کی، پھر لندن سے قانون کی ڈگری لی، قائداعظمؒ نے سیاست کا آغاز انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت سے کیا۔ 1913ء میں محمد علی جناح نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی، اور اس کے ساتھ ہی الگ مسلم ریاست کیلئے برصغیر کے مسلمانوں کی رہنمائی کرنے لگے۔
یوم قائد کی مناسبت سے شہر شہر تقریبات کا انعقاد کر کے بانی پاکستان کی انتھک جدوجہد، دانشمندی اور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی کابینہ و دیگر اعلی سول و فوجی حکام اور اہم شخصیات مزار قائد پر حاضری دیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گے۔
مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس دوران ایئرفورس کا دستہ گارڈز کی ذمہ داری سرانجام دے کر قائداعظم کے مزار سے رخصت ہوگیا جبکہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے دستے نے مکمل طور پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔
Load/Hide Comments