ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی انڈر 19 ویمن ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔ قومی ٹیم کی قیادت کومل خان کے سپرد کر دی گئی جبکہ ضوفشاں ایاز کو نائب کپتان مقرر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی پاکستانی انڈر 19 سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ پاکستان سکواڈ میں علیسہ مختیار، اریشہ انصاری، فاطمہ خان، ہانیہ احمر، ماہم انیس، ماہ نور زیب، میمونہ خالد، مناہل، قرۃ العین، راویل فرحان، شہر بانو، طیبہ امداد اور واصفہ حسین شامل ہیں۔
میگا ایونٹ 18 جنوری سے 2 فروری 2025 تک ملائیشیا میں کھیلا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 16 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ فارمیٹ کے مطابق ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، اس حساب سے ہر گروپ میں 4 ٹیمیں آ گئی ہیں، پاکستان کو گروپ بی میں انگلینڈ، آئر لینڈ اور امریکا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 18 جنوری کو امریکا کے خلاف، 20 جنوری کو انگلینڈ جبکہ 22 جنوری آئر لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی انڈر 19 ویمن ٹیم 31 دسمبر سے 9 جنوری تک کراچی میں لگائے گئے تربیتی کیمپ میں حصہ لے گی، جس کے بعد 10 جنوری کو دبئی کے راستے ملائیشیا روانہ ہو جائے گی۔
Load/Hide Comments