ویب ڈیسک: ملک بھر میں خون جما دینے والی سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، حالیہ معلومات کے مطابق سکردو میں پارہ منفی 13 تک گر گیا۔
سکردو میں برف باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس سے پارہ منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، اس قدر کم درجہ حرارت کی وجہ سے سکردو ملک کا سرد ترین علاقہ بن گیا۔ اس کے علاوہ استور میں بھی شدید ترین سردی پڑ رہی ہے، استور کے بالائی علاقوں کا شدید برفباری کی وجہ سے زمینی راستہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان جبکہ خیبر پختو نخوا کے میدانی علاقوں اور وسطی سندھ میں سموگ اور دُھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکردو کے بعد سرد ترین علاقہ لہہ رہا جہاں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، گوپس منفی10، گلگت منفی 8 اور استور میں منفی 6 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
ان کے علاوہ دیگر علاقوں قلات منفی 6، کوئٹہ منفی 5، زیارت، ہنزہ اور کالام میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں خون جما دینے والی سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، حالیہ معلومات کے مطابق سکردو میں پارہ منفی 13 تک گر گیا۔
Load/Hide Comments