معاہدہ طے پانے کا امکان

کرم کشیدگی ،فریقین کے درمیان آج معاہدہ طے پانے کا امکان

ویب ڈیسک: ضلع کرم میں قیام امن کیلئے آج فریقین کے درمیان معاہدہ طے پانے کا امکان ہے اس سلسلے میں کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ آج ہوگا۔
ذرائع کے مطابق معاہدے پر دستخط کرنے والے ایک فریق کے مشران کئی دن سے کوہاٹ میں موجود ہیں جبکہ مزید 2دن کی مہلت مانگنے والے فریق کے مشران بھی آج کوہاٹ پہنچ جائیں گے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی کوششوں سے فائر بندی ہوئی ،امن معاہدے پر فریقین میں عمومی اتفاقِ رائے ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن معاہدے میں بنکرز کا خاتمہ، فریقین کی بھاری اسلحے سے دست برداری شامل ہے جبکہ ٹل پارہ چنار روڈ پر نقل حرکت کانوائے کی صورت میں ہوگی، دہشتگردی کا واقعہ ہونے کی صورت میں صرف حکومت ہی کارروائی کرے گی۔
مزید کہا کہ معاہدے پردستخط کے فوری بعد اسلحہ جمع ہوگا اور فریقین مسمار کریں گے جس کے بعد راستے کھول دیئے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ایپکس کمیٹی کا فیصلہ تھا کہ فریقین فوری طور پر اسلحہ جمع کرکے بنکر مسمار کریں گے جس کے بعد ہی راستوں کو کھولا جائے گا ۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب تک فریقین اسلحہ جمع اور بنکر ز مسمار نہیں کریں گے تب تک سڑک نہیں کھولیں گے کیوں کہ فریقین کے پاس اسلحے کی موجودگی تک سڑک کھولنے سے دوبارہ بد امنی پھیلنے کا خطرہ ہے ۔

مزید پڑھیں:  رائٹ سائزنگ، وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے ادارے نشانے پر آ گئے