'اڑان پاکستان 'پروگرام

وزیراعظم آج ‘اڑان پاکستان ‘پروگرام کا اعلان کریں گے

ویب ڈیسک: وزیراعظم میاں شہباز شریف آج اڑان پاکستان پروگرام کا اعلان کریں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعظم آج ترقی کے 5سالہ پروگرام کے منصوبے کا آغاز کررہے ہیں، منصوبہ پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ ن کی حکومت آئی ہم نے ملک کو خودمختار بنانے کی کوشش کی، ویژن 2010 اور 2025 بنایا، سیاسی عدم استحکام نے منصوبوں پر عملدرآمد نہ ہونے دیا، اب پھر ہم 5 سالہ منصوبے سے ایک پائیدار ترقی کی بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز درپیش ہیں، حکومت نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات لیے، پاکستان کو مستقل بنیادوں پر ترقی دینے کیلئے لانگ ٹرم گروتھ پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اس حوالے سے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج ہوم گرون اکنامک ایجنڈے کا اعلان کرنے جا رہے ہیں، ہوم گرون اکنامک ایجنڈا میڈ ان پاکستان معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں، ہوم گرون ایجنڈا ایک اہم اقدام ہے، اس ایجنڈے کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا، پاکستان کے عوام کو خوشخبریاں ملیں گی، معاشی اصلاحات کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لئے ہے۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2افراد جاں بحق