ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں اقلیتی طلبہ کو 10 کروڑ کی سکالرشپس دینے کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی جانب سے صوبہ بھر کی اقلیتی عبادت گاہوں کو سولر سسٹم دینے اور اقلیتی طلبہ کو 10 کروڑ کی سکالرشپس دینے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ون مین کمیشن ان مائنارٹی رائٹس کے چئیرمین شعیب سڈل نے ملاقات کی۔ سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور خیبر پختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس دوران صوبے میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق سے متعلق معاملات پر بات چیت کی گئی، وزیراعلی نے صوبے میں موجود اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اہم اعلانات کیے۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے اقلیتی کمیونٹی کے بچوں کیلئے حکومتی سروس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں خصوصی تربیت دینے کا اعلان کیا، جہاں ان بچوں کو مقابلوں کے امتحانات کی تیاری میں مدد ملے گی۔
ملاقات کے دوران وزیراعلی نے اقلیتی کمیونٹی کے طلبہ کو خصوصی سکالرشپس دینے کا اعلان کیا، جس کت تحت اقلیتی طلبہ کو 100 ملین روپے کے سکالرشپس دیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے صوبہ بھر میں قائم اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعلی نے پولیس حکام کو اقلیتی رہنماؤں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی فورس تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکام کو سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے مختص پانچ فیصد کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت قرآن کے ضعیف نسخوں کو تلف کرنے کے لیے بھی درکار مشین فراہم کرے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں تمام شعبوں میں یکساں مواقع کی فراہمی پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے، صوبے کی تعمیر و ترقی اور یہاں بین المذاہب ہم آہنگی میں اقلیتوں کا اہم کردار رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں بسنے والے اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں اقلیتی طلبہ کو 10 کروڑ کی سکالرشپس دینے کا اعلان کر دیا گیا۔
Load/Hide Comments