کرم کا مسئلہ حل کے قریب

کرم کا مسئلہ حل کے قریب ہے، میں ہی حل کروں گا، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ نیا آنے والا سال تبدیلی کا سال ثابت ہوگا، اس سال ہم رہیں گے یا یہ رہیں گے۔ کرم کا مسئلہ حل کے قریب ہے، میں ہی حل کروں گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے میں امن بحال کرنا میرا کام ہے اور صوبے میںِ قیام امن کا مسئلہ میں ہی حل کروں گا، انکے پاس عوامی طاقت نہیں، یہ عوام کے پاس نہیں جاسکتے، ہمارے پاس عوامی طاقت بھی ہے، کرم کا مسئلہ حل کے قریب ہے اور اس 50 سالہ پرانے مسئلے کو میں ہی حل کروں گا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی کارکردیگ نجانچنی ہو تو ان کی معیشت پر نظر ڈالیں، اس سے صاف ظاہر ہو جائیگا، ہم نے 24 فیصد سے زیادہ ریونیو بڑھایا ہے، انہوں نے اگر اپنی معیشت کو بڑھایا ہے تو سامنے لائیں۔ آئی ایم ایف نے خود کہا ہے کہ ہمارے ٹارگٹ صرف خیبر پختونخوا نے پورے کیے۔
انہوں نے کہا کہ 103 ارب روپے ہم نے اپنے ٹارگٹ سے اوپر آئی ایم ایف کو جمع کیے ہیں، جبکہ پنجاب 150 ارب خسارے میں جا رہا ہے، اس کے بعد بھی کہتے ہیں ہم نے کمال کردیا۔ کس صوبے نے اپنی معیشت اتنی بڑھائی ہے جتنا ہم نے بڑھائی، وفاق اور پنجاب خسارے میں ہے، جو خسارے میں جا رہے ہیں ان کو پھانسی دینی چاہئے۔

مزید پڑھیں:  ہائیکورٹس میں ججز تعیناتی، جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس آج ہوگا