7لاکھ سے زائد مریضوں کا مفت

2024: صحت کارڈ پروگرام کے ذریعے 7لاکھ سے زائد مریضوں کا مفت علاج ہوا

ویب ڈیسک: خیبر پختون خوا کے مشیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ 2024 میں خیبرپختونخوا حکومت کی سالانہ کارکردگی بہت اچھی رہی، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال حکومت سنبھالتے ہی صحت کارڈ پروگرام دوبارہ فعال کیا، جس کے ذریعے 7لاکھ سے زائد مریضوں کا مفت علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ مارچ سے لے کر اب تک صحت کارڈ کی مد میں 20 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں، صحت کارڈ سے 7لاکھ سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا گیا، اس کے علاوہ سرکاری ہسپتالوں میں 5 ارب روپے کی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، جبکہ دوسری طرف میگا پراجیکٹ پشاور ہیلتھ سٹی منصوبہ متعارف کیا گیا ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے میں لائف انشورنس پروگرام شروع کیا گیا، جبکہ قرضوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے ڈیبٹ مینجمنٹ فنڈ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
گزشتہ سال کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے صوبائِ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سال گزشتہ ضم آضلاع پولیس کی ٹیکنکل ٹریننگ کے لئے 7 ارب روپے کی خطیر رقم اور سی ٹی ڈی کے لئے ایک ارب روپے کی منظوری دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں 7 بلین روپے سے زائد پیکج دیا گیا، جس سے 7 لاکھ 28 ہزار سے زائد خاندان مستفید ہوئے، اس کے علاوہ کرغستان میں مخدوش صورتحال پر وہاں پھنسے پاکستانیوں کے لئے خصوصی فلائٹس چلائیں، 143 ملین روپے کی لاگت سے 1408 پھنسے پاکستانیوں کو باحفاظت پہنچایا گیا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو برسر روزگار بنانے کے لئے 3 ہزار ملین روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں، 25 بلین روپے کی خطیر لاگت سے فوڈ سیکورٹی سپورٹ پراجیکٹ بھی گزشتہ سال متعارف کرایا گیا ہے۔
صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ ایٹا سکالرشپ کی تعداد 253 سے بڑھا کر 500 سٹوڈنٹس کر دی گئی ہے، جبکہ سکالرشپ کی رقم بھی 1500 سے بڑھا کر3000 کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  مذاکرات سے کرم صورتحال بہتر بنانے کیلئے کوششیں تیز