پاکستان 2 سال کیلئے سلامتی کونسل

پاکستان 2 سال کیلئے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بن گیا

ویب ڈیسک: نئے سال شروع ہوتے ہی پاکستان کو پہلا تحفہ، پاکستان 2 سال کیلئے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بن گیا، 8ویں مرتبہ پاکستان اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان 2 سال کیلئے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بن گیا، اس اقدام سے پاکستان کو اہم بین الاقوامی امور پر بات چیت کا موقع میسر آئے گا، یاد رہے کہ یہ آٹھویں بار ہے کہ پاکستان 15 رکنی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہوا۔ اس موقع پر جنرل اسمبلی کے 193 رکن ممالک میں سے 182 ممالک نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا، جو دو تہائی اکثریت کے لیے مطلوب 124 ووٹوں سے کہیں زیادہ تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اس نئے فیصلے کے بعد جولائی میں سلامتی کونسل کی صدارت کرے گا، جو ایجنڈا سازی اور بات چیت کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان دولت اسلامیہ اور القاعدہ کی پابندیوں کی کمیٹی میں بھی ایک نشست حاصل کرے گا، متذکرہ تنظیموں سے وابستہ افراد اور گروہوں کو دہشت گرد قرار دینے اور پابندیاں عائد کرنے کی ذمہ داری اس کمیٹی کا استحقاق ہے۔
یاد رہے کہ سال نو پاکستان کیلئے خوش قسمت ثابت ہو رہا ہے، اس سال کے پہلے ہی دن پاکستان کو ایک اہم ذمہ داری ملی ہے.

مزید پڑھیں:  ‏چیمپئنز ٹرافی، پاکستانی سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن تکمیل کے مراحل میں داخل