سال نو کےآغاز پر بھی غزہ

سال نو کےآغاز پر بھی غزہ میں تباہی، 10 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں خوشیاں بکھیرتا سال نو کےآغاز پر بھی غزہ میں تباہی کا سلسلہ جاری رہا، جہاں ایک طرف اسرائیلی افواج کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس میں 10 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں، تو دوسری طرف موسم ظلم ڈھا رہا ہے، ٹھٹرتی سردی اور بارش نے پناہ گزینوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔
ذرائع کے مطابق غزہ میں سخت سردی کے دوران ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں تباہی مچا دی۔ خواتین اور بچے کھلے آسمان تلے ٹھٹرتی سردی کی راتیں گزار رہے ہیں، ان کو نہ سر پر چھت نہ لیٹنے کو سہولیات میسر، حتیٰ کہ گرم ملبوسات تک انہیں میسر نہیں۔
ستم بالائے ستم قابض اسرائیلی فوج نے سال نو کا جشن بھی ان بے کس اور لاچار فلسطینوں پر میزائلوں اور بموں کی آتش بازی کر کے منایا۔ صیہونیوں کی جانب سے سال نو کےآغاز پر بھی غزہ میں تباہی پھیلانے کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔
سال کے پہلے روز شروع ہوتے ہی قابض اسرائیلی فوج نے 10 فلسطینیوں کو شہید کر کے اپنی فلسطین دشمنی کا بین ثبوت دیا۔ سال نو پر اسرائیل غزہ کے چار بڑے ہسپتالوں کو تباہ کرکے پہلے ہی فلسطینی مریضوں سے زندگی کی امید چھین چکا ہے۔
یاد رہے کہ غزہ پر 8 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 46 ہزار کے قریب ہوتی جا رہی ہے، جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی پڑے ہیں، ان شہداء اور زخمیوں میں بچوں اور خواتین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں:  امدادی سامان کا ایک اور قافلہ سخت سکیورٹی میں بگن پہنچ گیا