ویب ڈیسک: قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہ ہے کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آئے دس ماہ گزر چکے ہیں لیکن خیبرپختونخوا عدم تاحال استحکام کا شکار ہے ۔
چارسدہ حلقہ پی کے 65کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ،پشاور میں اپنے صوبے کے بلدیاتی نمائندوں پر شیلنگ کی گئی ،کس قانون اور مینڈیٹ کے تحت بلدیاتی نمائندوں پر لاٹھی چارج کیا گیا ہے ؟۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام فیصلے نظریہ ضرورت کے مطابق ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی والے ایک طرف امریکہ سے مدد مانگتے ہیں تو دوسری طرف امریکی امداد کی مخالفت کرتے ہیں۔
سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے لیڈر کی رہائی کے لئے صوبے کے عوام اور وسائل کو استعمال کر رہی ہے،عوام کو اسلام آباد لے جاکر اکیلا چھوڑ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف صوبے کے عوام کا منفی رخ پیش کررہی ہے جس سے ہماری جگ ہنسائی ہورہی ہے ۔
کرم کے معاملے پر بات کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤکا کہنا تھا کہ کرم امن معاہدہ کا فیصلہ خوش آئند ہے ،معاہدے میں تین ماہ تاخیر کی گئی اب معاہدے کے تمام نکات پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنا اور مرکز سے وسائل کا حصول صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
Load/Hide Comments