ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں سال نو کی پہلی برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے علاقہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ ضلع دیر بالا کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا، اس کے ساتھ ہی لواری ٹنل، کمراٹ، ڈوگ درہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔
دیربالا کے ڈی سی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ لواری ٹنل کے آس پاس ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ سڑک کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھا گیا ہے، بھاری مشینری سے برف ہٹاکر لواری ٹنل روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال رکھا جا رہا ہے۔
دیر بالا کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لواری ٹنل آنیوالے سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑیوں کے ڈرائیورز لواری ٹنل آتے ہوئے ٹائروں کو زنجیریں ضرور ڈالیں، تاکہ برف کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات سے بچا جا سکے۔
ہنزہ میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے بھی اعلامیہ جاری کر دیا گا ہے، اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں تین روز تک ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
اس دوران سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑ ھ لی، پارہ نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے گرگیا۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں سال نو کی پہلی برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے علاقہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
Load/Hide Comments