ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ یکم فروری تک بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائیگا، جبکہ کرم کی مین شاہراہ پر سیکورٹی مزید سخت کی جارہی ہے، اس کے ساتھ ہی کرم شاہراہ محفوظ بنا کر قافلوں کو عنقریب روانہ کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں مین شاہراہ پر چیک پوسٹیں اور سیکورٹی مزید بڑھائی جارہی ہے، یکم فروری تک بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائیگا، اس کے ساتھ ہی صوبائی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ شر پسند عناصر کا مکمل صفایا کرکے کرم کو امن کا گہوارہ بنایا جائے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کرم کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن کی فضاء قائم کرنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں، ڈپٹی کمشنر پر حملے کے مجرمان عنقریب قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ امن معاہدے کے تحت کرم میں امن امان کو یقینی بنایا جائیگا۔ امن دشمنوں کو مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ بنکرز اور اسلحہ کا مکمل خاتمہ کرکے علاقے میں دیرپا امن قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام اور علاقہ عمائدین پر امن کے قیام میں بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، اپنے علاقے میں قیام امن کیلئے عوام اور عمائدین انتظامیہ کے ساتھ ملکر امن کا قیام یقینی بنائیں۔
Load/Hide Comments