عمران خان مکافات عمل

عمران خان مکافات عمل بھگت رہے ہیں، مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان آج مکافات عمل بھگت رہے ہیں، بہکاوے میں آکر انتہائی قدم اٹھانے والے نوجوان جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔
سرگودھا میں ہونہار اسکالر شپس پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ کو گارڈ آف آنر دینا آپ کی محنت کو سلام ہے، ہونہار اسکالر شپ ملکی تاریخ کا پہلا اور سب سے بڑا پروگرام ہے، اسکالرشپس طلبہ کو سیاسی وابستگی سے بالائے طاق رکھتے ہوئے دی گئی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جیل میں قید کے دوران مجھے والد کے سامنے ہتھکڑیاں لگائی گئی، کئی ماہ ڈیتھ سیل میں رکھا گیا، والدہ کے انتقال کی خبر جیل میں ملی لیکن میں نے ملک میں جلا گھیرا کا پیغام نہیں دیا، سیاست کو گالی بنا دیا گیا ہے، سیاست اچھی چیز اور عبادت کا نام ہے لیکن صرف اس وقت جب لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارے خاندان کے افراد نے جیلیں کاٹیں لیکن ہم نے کبھی ملک کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا، ملک کے بچوں کو اپنی سیاست کے ایندھن میں جھونکنے والے شخص کو نیند کیسے آتی ہوگی؟ ہمیشہ اپنے ماں باپ اور ملک کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام طلبہ اور ان کے والدین کو بہت بہت مبارکباد دیتی ہوں، بطور وزیراعلی میں بہت خوش ہوں، میری ہدایت پر آپ کو گارڈ آف آنر دیا گیا، میرا خیال ہے کہ طلبہ کے لیے اسکالرشپس حاصل کرنے کا سفر آسان نہیں تھا، مجھے احساس ہے کہ والدین نے کس محنت سے آپ کو یہاں پہنچایا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا پنجاب میں 30 ہزار بچوں کو اسکالرشپس میرٹ پر دی گئی ہیں، سیکنڈ اور تھرڈ ایئر کے طلبہ کو بھی وظائف دینے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا جائے گا، اگلے سال 50 ہزار اسکالرشپس دی جائیں گے، یہ آپ کا پیسہ ہے اور آپ پر ہی لگنا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ دعویٰ سے کہتی ہوں کہ ایک بھی اسکالرشپ میرٹ کے خلاف نہیں دی گئی، مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ کسی بچے سے یہ بھی نہیں پوچھا گیا کہ اس کا تعلق کس سیاسی جماعت سے ہے، پنجاب کے تمام بیٹے بیٹیاں میرے لیے برابر ہیں، سب طلبہ کو ایک وزیراعلی کے طور پر نہیں بلکہ ماں کی طرح دیکھتی ہوں، بطور ماں آپ سب کو سمجھانا میرا فرض ہے۔

مزید پڑھیں:  9مئی مقدمات، علیمہ و عظمیٰ خان کی ضمانت میں توسیع