اشیائے ضروریہ پہنچتے ہی ختم

پاراچنار ٹل شاہراہ پر آمدورفت شروع، اشیائے ضروریہ پہنچتے ہی ختم

ویب ڈیسک: پاراچنار کے حالات بہتری کی جانب بڑھنے لگے، پاراچنار ٹل شاہراہ پر آمدورفت شروع ہو چکی ہے لیکن ابتدائی ایام میں یہ آمدورفت محدود پیمانے پر ہے، یہ عوام کا دیرینہ مطالبہ بھی تھا۔ دوسری جانب محدود پیمانے پر اشیائے ضروریہ پہنچتے ہی ختم ہو گئیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق 35 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کل ضلع کرم، 10 گاڑیوں پر مشتمل امدادی سامان بگن متاثرین جبکہ اپر کرم کے سرحدی گاؤں تری منگل، مقبل اور بوشہرہ کیلئے بھی امدادی سامان بھجوایا گیا تھا۔ یہ سامان اس علاقے کیلئے کم پڑ گیا کیونکہ اشیائے ضروریہ پہنچتے ہی ختم ہو گئیں۔
صدر انجمن تاجران پاراچنار حاجی امداد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ پر مشتمل چند ٹرک اور چند دیگر چھوٹی گاڑیاں پاراچنار پہنچیں تو شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، اس دوران تقسیم اور محفوظ مقامات پر سامان لے جانے کا موقع ہی نہیں ملا اور زیادہ تر اشیاء گاڑیوں سے ہی بک گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ چار لاکھ سے زیادہ آبادی والے اس علاقے کیلئے محدود گاڑیاں ناکافی ہیں، پاراچنار میں اشیائے ضروریہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے کم از کم پانچ سو ٹرک سامان کی ضرورت ہے۔
پولٹری ایسوسی ایشن کے رہنما عابد حسین نے بتایا کہ مرغیوں کی گاڑیاں پہنچتے ہی موقع پر مرغیاں ختم ہو گئیں، زیادہ تر مرغیاں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ سماجی رہنما میر افضل خان نے بتایا کہ پاراچنار شہر میں زیادہ ضرورت ادویات، ایل پی جی اور ایندھن کی ہے، ایل پی جی اور تیل پر مشتمل گاڑیوں کو پاراچنار کی جانب روانہ کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ اشیائَ ضروریہ کی ترسیل کے ساتھ ساتھ مسافروں کے کانوائے بھی چلائے جائیں۔

مزید پڑھیں:  غزہ جنگ بندی معاہدہ ہوتے ہی امدادی سامان پہنچانے کاکام شروع