ویب ڈیسک: انڈس ہائی وے پر امبیری کلہ چوک کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک بے قابو ٹرالر متعدد گاڑیوں پر چڑھ دوڑا، حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر بس کو شدید نقصان پہنچا، جس میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 25 افراد زخمی ہو گئے۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، اسی لئے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ ٹرالر کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، اس حادثہ میں بے قابو ٹرالر متعدد گاڑیوں پر چڑھ دوڑا، ٹرالر نے نہ صرف مسافر بس کو ٹکر ماری بلکہ کئی گاڑیوں اور پیدل چلنے والے افراد کو بھی کچل ڈالا، حادثے میں ریڑھی بان اور راہگیر بھی شدید متاثر ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹرالر تیز رفتاری سے آ رہا تھا اور بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور اسے قابو نہ کر سکا، ٹرالر نے پہلے چوک میں کھڑی گاڑیوں کو ٹکر ماری اور پھر سڑک کنارے موجود لوگوں پر چڑھ دوڑا۔ جائے حادثہ پر دل دہلا دینے والے مناظر دیکھنے کو ملے، اور کئی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں بھی حصہ لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرالر کی تکنیکی خرابی حادثے کا باعث بنی، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں، تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
اس المناک حادثے نے پورے علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
![بے قابو ٹرالر متعدد گاڑیوں پر](https://i0.wp.com/mashriqtv.pk/wp-content/uploads/karak-6.jpg?fit=800%2C450&ssl=1?v=1736587297)