ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، اسے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، اسی لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی راہ اختیار کی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے سب سے پہلے کراچی کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہوگا، صدر مملکت آصف زرداری نے پہلی بار صدر بننے کے بعد کراچی شہر کو وسائل فراہم کیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے شاہراہ بھٹو قیوم آباد تا شاہ فیصل کالونی 9.1 کلومیٹر تک کے پہلے فیز کا افتتاح کیا، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے کراچی کے انفراسٹرکچر بنانے اور روزگار دلوانے میں انقلابی کام کیے۔ شارع فیصل سے پاکستان سٹیلز تک بھٹو نے ترقی اور انڈسٹریلائزیشن میں حصہ ڈالا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کےعوام کا ایک بڑا مسئلہ یہاں کی ٹریفک ہے، تاجر برادری کا جتنا خیال آصف زرداری نے رکھا شاید ہی کسی نے رکھا ہو۔ شاہراہ بھٹو کے حوالے سے یہ منصوبہ شہر قائد کو باقی صوبوں اور پورے ملک سے جوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا اصول مجبوری میں اختیار کر رہے ہیں، وفاق کی جانب مختلف بہانے بنا کر سندھ کو وسائل نہیں دیئے جاتے۔
![سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا](https://i0.wp.com/mashriqtv.pk/wp-content/uploads/bilawal-bhutto-7.jpg?fit=800%2C450&ssl=1?v=1736604394)