ویب ڈیسک: جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی کم ہونے کی صدائیں بلند ہونے کی بجائے عوام کو ثمرات ملیں گے تو ثابت ہوگا کہ معیشت بہتر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری پر حقائق سامنے آنے چاہئیں، صرف اشاریے ملنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ ہماری آرزو ہے کہ ملکی معیشت بہتر ہو، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ثمرات ملیں گے تو ثابت ہوگا معیشت بہتر ہوئی ہے، روپے کی قدر جب تک بہتر نہیں ہوگی عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکتا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، ہمیں نہیں پتا وہ کیا کہہ رہے ہیں اور کیا کر رہے ہیں، سیاستدانوں پر افسوس ہے کہ سمجھوتہ کرلیتے ہیں، ملک کا نظام بہتر کرنے کے لیے ایک جگہ ٹھہرنا ہوگا۔
قائد جمیعت نے کہا کہ ایک پولنگ سٹیشن سے بھی نہ جیتنے والے کو جتا دیا گیا، جائز ناجائز کی پرواہ کئے بغیر صرف اتھارٹی قائم رکھنا ہی اسٹیبلشمنٹ کا مقصد ہے، لوگوں کے ووٹ کا مذاق اڑانے کے بدلے عوام پھر کیوں اسٹبلشمنٹ کا مذاق نہ اڑائیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ شکایت ہمیں اپنے سیاستدانوں سے ہے جنہیں آئین، قانون اور اصولوں کا احساس نہیں، با انہیں صرف اپنا اقتدار عزیز ہوتا ہے۔
Load/Hide Comments