مینگورہ میں احتجاجی مظاہرہ

مینگورہ میں عمران خان کی رہائی کے لئے احتجاجی مظاہرہ

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر مینگورہ میں عمران خان کی رہائی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
صوبائی وزیر لائیو سٹاک و پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کے صدر فضل حکیم خان کی قیادت میںہونے والے احتجاجی مظاہرے میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سلیم الرحمان، چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ، سلطان روم، محمد نعیم، سٹی میئر شاہد علی خان، بلدیاتی نمائندوں اور کثیر تعداد میں پی ٹی آئی کارکنان و عہدیداران نے شرکت کی ۔
احتجاجی مظاہرے میں مراد سعید کو تحفظ فراہم کرنے اور عمران خان سمیت 26نومبر کو گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ۔
صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی وفاقی اور پنجاب حکومت فسطائیت پر اتر آئی ہے قائد عمران خان کو قید تنہائی میں اور کارکنان کو 26 نومبر سے ناحق جیل میں رکھا ہوا ہے اور ان پر ناجائز مقدمات درج کر رکھے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ ناجائز وفاقی حکومت اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے عمران خان جیسے مقبول لیڈر کو ظلم و جبر کا نشانہ بنا رہی ہے اور پی ٹی آئی کارکنان پر ظلم و ستم کررہی ہے ہم اس حکومت کے ہر ظلم کا حساب لیں گے، عزم کرتے ہیں کہ عمران خان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان لیڈر مراد سعید کو بھی تحفظ فراہم کیا جائے، موجودہ وفاقی حکمران نہ تو عوامی نمائندے ہیں اور نہ ہی عوام کے مینڈیٹ کی عزت کرتے ہیں اور یہ ثابت ہو چکا ہے کہ یہ وفاقی حکومت ایک جعلی حکومت ہے عوام اب جاگ چکی ہے اور انہیں معلوم ہو چکا ہے کہ عمران خان ہی اس ملک سے تمام مسائل کا خاتمہ کر سکتے ہیں ۔
فضل حکیم خان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اپنے قائد عمران خان کی رہائی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک عمران خان کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا۔

مزید پڑھیں:  شانگلہ، شارٹ سرکٹ کے باعث مکان میں آگ لگ گئی