ویب ڈیسک: امن معاہدے کے تحت ضلع کرم میں مورچوں کی مسماری کا کام شروع کردیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر کرم کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ضلع میں مورچوں اور بنکرز کی مسماری کا کام شروع کردیا گیا ہے جس کے لئے پولیس و فورسز کی نفری خار کلی بالش خیل میں موجود ہے۔
ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ بالش خیل اور خار کلی میں مورچے مسمار کئے جارہے ہیں جبکہ پکے مورچوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا جارہا ہے ۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ضلع میں مزید بنکرز کو بھی مسمار کیا جائیگاکاروائی کے دوران ہیلی کاپٹر سے نگرانی کا عمل بھی جاری ہے ۔
قبل ازیں ضلع کرم پولیس اور فورسز کے دستے پہنچنے کے باوجود فریقین نے مورچے مسمار کرنے سے انکار کیا جس کی وجہ سے بنکرز مسماری کا عمل شروع نہ ہوسکا تھا ۔
ذرائع کے مطابق ایک فریق نے دوسرے فریق کے مورچ مسمار کرنے کی شرط عائد کردی جس کے بعد پولیس کی جانب سے فریقین سے مذاکرات بھی کئے گئے ۔
ذرئع کا کہنا ہے کہ ایک فریق سے بات کی گئی ہے کہ جب تک دوسرے فریق کے مورچے مسمار نہیں ہوتے تب تک ہم اپنے مورچے مسمار نہیں ہونے دیں گے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کرم نے اس حوالے سے موقف اپنایا تھا کہ کوہاٹ میں ہونے والے امن معاہدے میں بنکرز کی مسماری بھی شامل تھی۔
انتظامیہ کے مطابق امن معاہدے میں چودہ نکات شامل ہیں جن پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا ۔
