غزہ میں جنگ بندی کیلئے

غزہ میں جنگ بندی کیلئے اہم پیشرفت ،معاہدہ آج متوقع

ویب ڈیسک: غزہ میں جنگ بندی کیلئے جاری کوششوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس کے نتیجے میں معاہدہ آج متوقع ہے ۔
ذرائع کے مطابق غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی پر قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں جاری بات چیت کے دوران اہم نکات پر خاطر خواہ پیشرفت ہوئی ہے۔
غیر میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل ہر فوجی قیدی خاتون کے بدلے 50 فلسطینی رہا کرنے کو تیار ہوگیا۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سیز فائر کے 3مراحل ہوں گے، غزہ میں یرغمال اسرائیلی شہریوں کے بدلے 30فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا، اسرائیل معاہدے کے پہلے مرحلے میں فلاڈیلفی کوریڈور سے بھی دستبردار ہوگا۔
معاہدے کے دوسرے مرحلے میں تمام قیدیوں کی رہائی ممکن ہوگی، تیسرے اور آخری مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو اور حکومت سازی پر کام ہوگا۔
واضح رہے کہ واشنگٹن کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اس ہفتے غزہ پر کسی معاہدے تک پہنچنے کا امکان ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ معاہدے کا اعلان آج منگل کو ہو سکتا ہے، انہی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ غزہ جنگ بندی اگلے بدھ 22 جنوری سے پہلے موثر نہیں ہو گی۔
اس حوالے سے قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے فریقین کے درمیان حتمی خلا کوختم کرنے میں اہم کردارادا کیا، قطری وزیراعظم، حماس اور امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈٹرمپ کے نامزد مندوب برائے مشرق وسطی اسٹیو وٹکوف نے اسرائیل پر زور دیا تاکہ وہ معاہدے کے قائل ہوسکیں ۔
دوسری جانب پیر کے روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی نے حماس کے نمائندوں اور امریکی مندوبین وٹکوف اور بریٹ مک گرک سے ملاقاتیں کیں، امیرقطر نے حماس کے مذاکرات کار خلیل الہیہ سے سیزفائر مذاکرات میں پیشرفت پرگفتگو کی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جوبائیڈن نے امیرقطر شیخ تمیم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور دوحہ میں جاری غزہ سیز فائرڈیل سے متعلق مذاکرات پرتبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے معاہدے پر فوری عملدرآمد اور سیزفائرکے ذریعے غزہ میں انسانی امدادکی ترسیل اورمعاہدیپرزور دیا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان6ماہ میں آئی ایم ایف کی بڑی شرائط پوری کرنےمیں کامیاب