پی ایس ایل ڈرافٹ مکمل

پی ایس ایل ڈرافٹ مکمل: دنیائے کرکٹ کے بڑے نام جگہ بنانے سے محروم

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)سیزن 10کے ڈرافٹ مکمل ہو گئے ہیں، مگر دنیائے کرکٹ کے بڑے نام جگہ بنانے سے محروم رہ گئے ۔
پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد، نیوزی لینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بالر ٹم ساتھی، آسٹریلیا کے عثمان خواجہ، انگلینڈ کے جیسن رائے اور ایلکس ہیلز کو پاکستان سپر لیگ کے پلیئرز ڈرافٹ میں کسی نے منتخب نہ کیا۔
پی ایس ایل کے آغاز سے ہی سرفراز احمد سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے وابستہ تھے اور کوئٹہ سرفراز ہی کی کپتانی میں چیمپئن بھی بنا تھا، جنہوں نے حال ہی میں اپنی ٹیم کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
سرفراز کو ریلیز کیے جانے کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ گلیڈی ایٹرز پلیئر ڈرافٹ میں وکٹ کیپر بلے باز کو منتخب کریں گے تاہم سرفراز کے کوئٹہ سے علیحدگی کے اعلان کے بعد قیاس آرائیاں دم توڑ گئی تھیں۔
بعدازاں کرکٹ شائقین نے قیاس آرائیاں شروع کیں کہ سرفراز کو ان کے آبائی شہر کی ٹیم یعنی کراچی کنگز پی ایس ایل 10 کے پلیئرز ڈرافٹ میں منتخب کرے گی تاہم ذرائع نے انکشاف تھا کہ سابق گلیڈی ایٹر کپتان ان کے پلان میں نہیں ہیں۔
سابق پاکستانی کپتان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے سٹار فاسٹ بالر ٹم ساتھی کو بھی منتخب نہیں کیا گیا کیونکہ 6 فرنچائزز میں سے کسی نے بھی تجربہ کار پیسر میں دلچسپی نہیں دکھائی۔
مزید برآں پاکستان کے دائیں ہاتھ کے ابھرتے ہوئے تیز گیند باز احسان اللہ جنہوں نے پی ایس ایل 2023 کے دوران شہرت پائی اور ملتان سلطانز کیلیے ایک ایونٹ میں 22 وکٹیں حاصل کی تھیں انہیں بھی کسی ٹیم نے اپنے سکواڈ میں جگہ نہ دی۔
لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ انفرادی سکور بنانے کا ریکارڈ رکھنے والے انگلینڈ کے ہارڈ ہٹنگ اوپنر جیسن رائے، ہم وطن ایلکس ہیلز، افغانستان کے مجیب الرحمان اور بنگلادیش کے شکیب الحسن بھی فرنچائزز کو متاثر نہ کر سکے۔
پی ایس ایل 10 کے پلیئر ڈرافٹ میں غیر منتخب دیگر اہم کھلاڑیوں میں ایشٹن اگر، کرس لین، کوپر کونولی، ڈینیئل سامس، جیسن بہرینڈروف، مارک سٹیکیٹی، موئزس ہینرکس، عثمان خواجہ، ولیم سدرلینڈ، مستفیض الرحمان، جو کلارک، لوری ایونز، ٹائمل ملز، جمی نیشم، عمران طاہر، ریزا ہینڈرکس، تبریز شمسی، چرتھ اسالنکا، جمی نیشم اور ایون لیوس شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی ، ایک لاکھ 12ہزار کی حد بحال