ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پانی کامسئلہ حل کرکے جنوبی اضلاع میں سبز انقلاب لاسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی کورین صدارتی ایوارڈ یافتہ پاکستان کے زرعی سائینسدان ڈاکٹر غلام محمد علی کے اعزاز میں گورنر ہاؤس پشاور میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈاکٹر غلام محمد علی کو جنوبی کورین حکومت کی جانب سے صدارتی ایوارڈ ملنے پر انہیں اپنی جانب سے تعارفی شیلڈ پیش کی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈاکٹر غلام محمد علی کو زرعی شعبہ میں گرانقدر خدمات پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر غلام محمد علی کی غیر معمولی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ڈاکٹر غلام محمد علی نے اپنی صلاحیتوں سے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے قابل افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے ایسی تقریبات دوسرے صوبوں کو بھی منعقد کرنی چاہئیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت ہی ہماری بنیاد ہے، زرعی شعبہ کو ترقی دے کر ہی ہم اپنے ملک کی معیشت کو مستحکم کر سکتے ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو اللہ تعالی نے زرخیز زمین سے نوازا ہے، زمینوں کو سیراب کرنے سے زرعی شعبہ کی ترقی یقینی بنائی جا سکتی ہے، اسی لئے پانی کامسئلہ حل کرکے جنوبی اضلاع میں سبز انقلاب لاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چشمہ کینال کنال کا سنگ بنیاد رواں سال جون میں رکھیں گے، تاکہ پانی کا مسِلہ حل کیا جا سکے۔
ان کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کا مقابلہ تعلیم اور روزگار سے ممکن ہے، اس لئے ہمیں انہیں پر توجہ دینا ہوگی۔
دوسری جانب ڈاکٹر غلام محمد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حوصلہ افزائی اور پروقار تقریب کے انعقاد پر گورنر خیبر پختونخوا کا شکرگزار ہوں، زرعی شعبہ میں پاکستان کیساتھ جنوبی کورین صدارتی ایوارڈ حاصل کرنا ملک و قوم کی خدمات کا صلہ ہے، یاد رہے کہ تقریب میں شعبہ ذراعت کے ماہرین، چیمبر و انڈسٹری کے نمائندوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
